‘محمد علی بھارا زندگی بھر کسانوں اور مزدوروں کی حقوق کے لئے جدوجہد کرتے رہے’

مقررین نے تعزیتی ریفرنس میں کامرید بھارا کی زندگی اور جدوجہد کو زبر دست  خراج تحسین پہش کیا


امی ورکرزپارٹی کے زیر اہتمام معروف ترقی پسند کسان رہنما ملک محمد علی بھارا مرحوم کے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر سٹیج پر ڈاکٹر شاہ محمد مری، کامریڈ حسن عسکری، جاوید اختر، محمد نواز پاندہ،میاں ساجد پرویز،فرحت عباس، ملک عامر ڈوگر، محمد ظفر بھارا موجود ہیں۔ فوٹو دلاور عباس

ملتان : گزشتہ دنوں عوامی ورکرز پارٹی سرائیکئ وسیب اور کسان کمیٹی ملتان کے  زیر اہتمام  پاکستان کسان کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور عوامی ورکرز پارٹی کے راہنما ملک محمد علی بھارا  کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا جس میں ترقی پسند ادیبوں، دانشوروں، اور عوامی ورکرز پارٹی  کے رہنماوں نے ان  کی جدوجہد اور محنت کش طبقات خاص طور پر کسانوں اور اپنے ادرشوں کے ساتھ زندگی بھر وابستگی کو شاندار خراج تحسین پیش  کیا۔

تعزیتی ریفرنس کی صدارت عوامی ورکرز پارٹی کے ضلعی صدر محمد نواز پاندہ نے کی ۔جبکہ مہمان خصوصی بلوچستان  سے آئے ہوئے معروف ترقی پسند  ادیب ، محقق  اور دانشور ڈاکٹر شاہ محمد مری  تھے۔

دیگر مہمانوں میں  سندھ سے کامریڈ حسن عسکری، وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر، جاوید اختر، ملک ظفر بھارا تھے ۔

مقررین نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ کامریڈ بھارا کے ادہورے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

 ان کے علاوہ عوامی ورکرز پارٹی کے آرگنائزنگ سیکریٹری جاوید اختر ، مشہورترقی پسند  لکھاری اور دانشور حیدر جاوید سید ،  ملک اقبال  ،میاں ساجد پرویز محمد زبیر چوہدری ،تاج محمد سوز ، عوامی ورکرز پارٹی سرائیکی وسیب کے صدر فرحت عباس خان، سیکریٹری  فنانس دلاور عباس صدیق،  کامریڈ یامین ، پروفیسر صلاح الدین حیدر، سابق صدر چوہدری ظفر اقبال، حمزہ ورک اور دیگر مقررین نے محمد علی بھارا  کی زندگی اور اور جدوجہد کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اور اپنے زاتی یادوں کو تازہ کیا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد علی بھارا کی کسانوں ، مزدوروں اور  دیگر پسے ہوئے طبقات کے  حقوق کے لئے  اور سماجی انصاف   کے لئے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے  50کی دہائی سے پاکستان کے کسانوں، مزدوروں کو منظم کرنے کا  کام  شروع کیااور ایوبی آمریت کے دور میں ترقی پسند سیاسی پلیٹ فارم سے مولانا بھاشانی، سی آر اسلم، عابد حسن منٹو، کنیز فاطمہ، مرزا ابراہیم، چوہدری فتح محمد کے ساتھ مل کر کسان کمیٹیاں تشکیل دیں ۔

وہ آمریت کے دور میں جمہوری جدوجہد کا حصہ رہے اور پاکستان میں سوشلسٹ نظام کے قیام کی جدوجہد کرتے رہے  اور زیر زمین رہ کر سیاسی کارکنان کو منظم کرنے کا کام جاری رکھا ۔ وہ  ایک سچے اور پختہ  نظریاتی رہنما تھے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک محمد علی بھارا  نے غریب عوام کے حقوق کی جدوجہد  کی پاداش  میں  قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں ۔

 ملک محمد علی بھارا نے پاکستان میں بائیں بازو کی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کاکام کرتے رہے اور آخری وقت تک اپنے نظریات پر مستقل مزاجی سے قائم رہے اور زندگی کی آخری سانس تک پارٹی کے ساتھ اپنا رشتہ قائم کئے رکھا ۔

مقررین نے کہا کہ آج ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے اور ملک سے استحصالی نظام کے خاتمہ کی جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہو گا۔

 تعزیتی ریفرنس سے لطیف مغل، لیاقت علی چوہان، مسیح اللہ جامپوری، طفیل خان بادوزئی نے بھی خطاب کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں سانگھڑ ،فیصل آباد ، لاہور ،کوئیٹہ ،سرگودھا ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، وہاڑی، خانیوال ،لیہ ،میان چنوں،   کبیر والہ ،علی پور ،ملتان اور دیگر اضلاع سے پارٹی عہدیداروں سمیت ترقی پسند رہنماؤں نے شرکت کی ۔