مسیحی کچی آبادی میں کرسمس اور نئے سال کی تقریب

1979646_746097225445607_7020932721027519223_n

عوامی ورکرز پارٹی/ آل پاکستان الائنس برائے کچی آبادی دل کی گہرائیوں سے تمام مسیحی برادر ی کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتی ہے اور نئے سال کے آغاز پر اپنی تمام مسیحی برادری سے اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔مسیحی برادری کئی سالوں سے پاکستان میں ایک اقلیت کی طرح زندگی بسر کر رہی ہے اور بہت مشکل حالات میں اپنے وجود کو قائم رکھا ہوا ہے۔پچھلے دس سالوں سے پاکستان میں پھیلنے والی دہشتگردی کی فضا نے کئی اقلیتوں کو نقصان پہنچایا ہے ، جس میں مسیحی برادری بھی شامل ہے۔ شائد کہنے کو تو آج ہم سب پاکستانی شہری ہیں لیکن درحقیقت اقلیتی عوام کو دوسرے درجے کا شہری تصور کیا جاتا ہے ۔ ان کی جان کی حفاظت کرنا سرکار کے لیے غیر ضروری نظر آنے لگ گیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت تمام پارلیمانی پارٹیاں بھی اقلیتوں پر ہونے والے تمام مظالم کو دہشتگرد ی کی وجہ قرار دے کر جان چھڑا لیتی ہیں لیکن در حقیقت اقلیتوں پر ہونے والے ظلم کا آغاز 1971ء کے آئین سے شروع ہو گیا تھا۔ جس میں اقلیت کو اس ملک کے سیاسی و معاشی پالیسی سے جان بوجھ کر الگ رکھا گیا۔
عوامی ورکرز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ کسی بھی معاشرے میں جب تک تمام مذاہب اور فرقے کے لوگ اپنے رسم و روایات کو آزادی اور خوشی سے نہیں منا سکتے وہ معاشرہ نفرت کا شکار ہوتا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ ایسے قوانین موجود ہیں جو اقلیتوں کے خلاف استعمال ہوتے رہے ہیں اور بلکہ اب تو وہ خود مسلمانوں کے خلاف بھی بھرپور استعمال ہو رہے ہیں۔اس کے علاوہ گزشتہ سالو ں میں مسیح برادری کے ساتھ ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی تفصیل آج تک عوام کے سامنے نہیں لائی گئی ۔ انسانی حقوق کے علمبرداربھی ہر ہونے والے جبر پر اخبار کی حد تک اپنے بیانات دیتے ہیں لیکن آج تک کسی نے بھی منظم طریقے سے اس سسٹم پر بات نہیں کی جو اخلاقی طور پر اقلیتوں پر ہونے والے جبر کی پشت پناہی کرتی ہیں۔
ہم دیکھتے ہیں کہ معاشی ابتری کی وجہ سے پورے ملک میں جہاں کہیں بھی مسیحی برادری آباد ہے ان علاقوں کے حالات انتہائی خراب ہیں سیوریج کے پانی کے اخراج کا کوئی نظام نہیں ، پینے کاصاف پانی میسر نہیں، صحت کی مناسب سہولتیں موجود نہیں، تعلیمی اداروں کا فقدان ہے۔ جو مسیحی برادری کی طرح محنت سے اپنی روزی روٹی روزانہ کی محنت سے کمانے والے کروڑوں انسان اس ملک میں ایسے ہی حالات میں زندہ ہیں ۔ جس کی ایک سادہ سی مثال خود اسلام آباد شہر میں بھی دیکھی جا سکتی ہے کہ یہاں کہ کچی آبادیوں میں لگ بھگ ہر زبان بولنے والا موجود ہے اور اس میں مسلمان بھی ہیں اور مسیحی بھی ۔ اس لیے اگر ہم اپنے حالات کو بدلنے چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم متحد ہو کر ایک ایسی سیاسی پارٹی میں اکٹھے جدوجہد کریں جو مزدوروں ، کسانوں ، محنت کشوں اور حقیقی معنوں میں غریبوں کی پارٹی ہو۔ کیونکہ اب تک ہم نے دیکھا جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور مذہبی ٹھیکیداروں کی جماعتیں الیکشن کے دنوں میں آتی ہیں اور ووٹ لیکر غائب ہو جاتے ہیں لہٰذا ہمیں ایک ایسی پارٹی کے ساتھ خود کو منظم کرنا ہو گا جو ہر پانچ سال بعد نہیں بلکہ ہر دن ہمارے ساتھ ہو۔ پینے کے پانی کامسئلہ ہو، بجلی ،گیس یا مہنگائی کا مسئلہ ہو، آبادیوں کی صفائی کا مسئلہ ہو یا بچوں کے لیے سکول بنوانے کایا کہ آبادیوں کو گرانے کے لیے بلڈوزر آئے۔۔۔جو ان سب حالات میں ہمارے ساتھ چلے ۔
عوامی ورکرز پارٹی اپنے بننے سے پہلے بھی اور قیام کے بعد بھی اس بات پر اپنا صاف موقف رکھتی ہے کہ پاکستان میں موجود تمام اقلیت محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والی عوام کو ریاستی سطح پر قبول کیا جائے اور ان کی جان کی حفاظت ، صحت کی بنیادی سہولتیں ، مفت معیاری تعلیم اور روزگا ر کی ضمانت ریاست کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہو۔ عوامی ورکرز پارٹی نے اپنے منشور میں واضح طور پر اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔اس نئے سال کے آغاز پر ہم امید رکھتے ہیں کہ ہماری سیاست اقلیتوں سے مل کر اس ملک میں موجود خوف کی زنجیروں کو توڑنے میں کامیاب ہوگی۔اس جدوجہد میں ہماری کامیابی تب تک ممکن نہیں ہوگی جب تک مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتیں مل کر ناانصافی کے خلاف عوامی ورکرز پارٹی کے ہمراہ آواز بلندنہیں کریں گی۔
عوامی ورکرز پارٹی نئے سال کی خوشیاں مسیحی برادری کے ساتھ مل کرمنا رہی ہے۔ آپ سب کو دعوت دی جاتی ہے کہ آپ اس پروگرام میں شامل ہو کر انسان دوست ہونے کا ثبوت دیں۔نیال سال 2015 کے موقع پر ہم آپ کو خصوصی پروگرام میں
دعوت دیتے ہیں جس کی تفصیل درج ذیل ہے :3 جنوری 2015 بروز ہفتہ بوقت 4:00 بجے سہ پہر
بمقام فرانس کالونی F-7/4 نزد UP چرچ

اس موقع پر مختلف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ عوامی ورکرز پارٹی اور کچی آبادی الائنس کے ذمہ داران سمیت اسلام آباد کی تمام کچی آبادیوں کے نمائندگان خطاب فرمائیں گے۔

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں
شیہک ستار پطرس جوزف
0301-8426884 0334-5112885
عمار رشید
0333-5221863
عوامی ورکرز پارٹی / آل پاکستان الائنس برائے کچی آبادی
91-Aسیٹلائیٹ ٹاؤن، راولپنڈی

https://www.facebook.com/events/429347243880931